ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / گزشتہ طوفان ’امفان‘ سے زیادہ تباہی مچا سکتا ہے ’یاس‘، 20 اضلاع میں نقصانات کا خدشہ، ریلیف ٹیمیں چوکس

گزشتہ طوفان ’امفان‘ سے زیادہ تباہی مچا سکتا ہے ’یاس‘، 20 اضلاع میں نقصانات کا خدشہ، ریلیف ٹیمیں چوکس

Tue, 25 May 2021 14:07:35  SO Admin   S.O. News Service

کولکاتا،25؍مئی (ایس او نیوز؍ایجنسی) خلیج بنگال میں پیدا ہونے والے گردابی طوفان ’یاس‘ نے شدید شکل اختیار کر لی ہے اور اگلے 24 گھنٹے میں یہ طوفان بنگال اور اوڈیشہ کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا سکتا ہے۔ حال ہی میں آنے والے گردابی طوفان تاؤتے کے بعد ہندوستان کو اب ایک اور طوفان کا سامنا ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ یاس گزشتہ سال آنے والے طوفان امفان سے بھی زیادہ تباہی مچا سکتا ہے۔ طوفان امفان سے بنگال کو شدید نقصان پہنچا تھا۔ طوفان کے آنے سے قبل بنگال اور اوڈیشہ میں تیاریاں جاری ہیں اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔ این ڈی آر ایف سمیت کئی ایجنسیوں نے محاذ سنبھالا ہوا ہے۔

طوفان یاس کے بنگال اور اوڈیشہ کے ساحلوں پر 26 مئی کو ٹکرانے کا خدشہ ہے تاہم اس کا اثر منگل کے روز یعنی آج بھی نظر آ رہا ہے۔ اوڈیشہ کے بالاشور ساحل کے نزدیک چاندی پور میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش شروع ہو گئی ہے۔ یہاں سمندر میں بھی بلند و بالا لہریں آنے لگی ہیں۔ لوگوں کو ہدایت دی جا رہی ہے کہ وہ سمندری علاقوں سے دور رہیں۔ ادھر بنگال کے دیگھا میں بھی بارش کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔

گردابی طوفان یاس کی دستک سن کر ایجنسیاں پہلے سے ہی متحرک ہو گئی ہیں۔ این ڈی آر ایف کی متعدد ٹیمیں بنگال اور اوڈیشہ میں تعینات کر دی گئی ہے۔ گزشتہ روز ایسٹ مدنی پور میں این ڈی آر ایف کی ٹیمیں حرکت میں نظر آئیں اور انہوں نے یہاں کے لوگوں سے محفوظ مقامات پر چلے جانے کی اپیل کی۔ این ڈی آر ایف کے علاوہ بحریہ کو بھی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ گزشتہ روز ماہی گیروں کو سمندری علاقوں سے واپس لانے کا عمل جاری رہا، جبکہ دیگر کشتیوں کو بھی ساحلوں پر واپس لایا گیا۔

طوفان یاس کا اثر بنگال اور اوڈیشہ کے بالاسور، دیگھا، ساگر، آئی لینڈ، ساؤتھ 24 پرگنہ کے علاقوں میں نظر آئے گا۔ بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے خدشہ کا اظہار کیا ہے کہ گردابی طوفان یاس گزشتہ طوفان امفان سے بھی زیادہ تباہی مچا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ان کی کوشش ہے کہ 10 لاکھ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔

ممتا بنرجی کے مطابق یاس کا اثر 20 اضلاع میں ہوگا، جن میں کولکاتا، نارتھ اور ساؤتھ 24 پرگنہ، ایسٹ مدنی پور سب سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ امفان طوفان نے بنگال اور اوڈیشہ میں خاصی تباہی مچائی تھی اور کولکاتا تک اس کا اثر دیکھا گیا تھا۔ طوفان کے پیش نظر ریاستی حکومتوں کے علاوہ مرکزی حکومت بھی تیار ہے۔

گزشتہ روز وزیر داخلہ امت شاہ نے بنگال، اوڈیشہ، جھارکھنڈ، آندھرا کے عہدیداران سے تبادلہ خیال کیا۔ وہیں، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی لوگوں سے احتیاط برتنے اور محفوظ رہنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کانگریس کارکنان کو مشکل وقت میں ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔


Share: